اپنی بیٹی کو ویکسین لگوادی! وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا پروپیگنڈہ کرنیوالوں کو عملی جواب
اسلام آباد(مسائل نیوز)وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم کا آغاز ایک علامتی اقدام کے ذریعے کیا جس میں انہوں نے اپنی کم سن بیٹی کو ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) کی ویکسین لگوائی۔
کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیر صحت نے نہ صرف بیٹی کو ویکسین لگوائی بلکہ بعد ازاں اس کی انگلی پر نشان بھی خود لگایا جو اس بات کی علامت تھی کہ وہ ویکسین شدہ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا 151 واں ملک ہے جہاں اس خطرناک بیماری سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
- Advertisement -
انہوں نے بتایا کہ مہم کے اعلان کے بعد سے مختلف حلقوں کی جانب سے گمراہ کن بیانیے اور منفی پروپیگنڈے سامنے آئے جنہیں رد کرنے کے لیے انہوں نے اپنی بیٹی کو ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ان کے 30 سالہ سیاسی سفر میں وہ کبھی اپنی فیملی کو عوامی سطح پر نہیں لائے لیکن اس موقع پر انہوں نے ایک نئی روایت قائم کی ہے تاکہ قوم کی ہر بیٹی کو محفوظ بنانے کے پیغام کو عام کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین مفت لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔