پاکستان نے گال ٹیسٹ جیت لیا ،عبد اللہ شفیق کے ناقابل شکست 160 رنز
گال (مسائل نیوز) عبد اللہ شفیق کی شاندار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 342 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، عبد اللہ شفیق نے اپنی 408 گیندوں پر 160 رنز کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
پاکستان نے گال ٹیسٹ میں ناصرف اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا ٹوٹل حاصل کیا بلکہ گال سٹیڈیم میں سب سے بڑا ہدف مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ آج پانچویں روز کا آغاز پاکستانی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز کے ساتھ کیا تھا ۔ آغا سلمان 12، محمد رضوان 40، کپتان بابراعظم 55، امام الحق 35 اور اظہرعلی 6 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کے پراباتھ جے سوریا نے 4 اور رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
- Advertisement -
میچ کے چوتھے روز کا آغاز سری لنکا کی بیٹنگ سے ہوا تھا جب ٹیم کے 329 سکور پر 9 کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن سری لنکا نے مجموعی سکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کیا اور 337 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔ سری لنکا کے دنیش چندیمل 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جنہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔ پاکستان کے محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ نے 3، حسن علی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں222 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے دنیش چندیمل نے سب سے زیادہ 76 رنز سکور کیے۔ قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 جب کہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں مشکلات کا شکار دکھائی دی لیکن قومی کپتان بابر اعظم نے تاریخی اننگز کھیلی، انہوں نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ بولر نسیم شاہ نے ان کا پورا ساتھ دیا۔ پاکستان کے محمد رضوان 19، یاسر شاہ 18 اور حسن علی 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کے پربت جے سوریا نے 5، مہیش تھیکشنا اور رمیش مینڈس نے 2،2 اور کسن راجیتھا نے ایک وکٹ لی۔
[…] نیوز)سری لنکا نے پاکستان کو دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے لیے 508 رنز کا ہدف دیا ہے۔ گال ٹیسٹ کے چوتھے روز […]