ملک بھر میں آٹوفنانسنگ میں ریکارڈ اضافہ، 33 ماہ کی بلند ترین سطح پر
اسلام آباد(مسائل نیوز)ملک بھر میں آٹو موٹیو کے شعبے میں طویل وقفے کے بعد مثبت پیشرفت اور بحالی کے واضح آثار سامنے آگئے، آٹو فنانسنگ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو 33ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹاپ لائن سکیورٹیز کا کہنا ہے کہ نومبر 2025 میں آٹو فنانسنگ کے حجم کا تخمینہ 318ارب روپے لگایا گیا ہے جو نومبر 2024 میں 235ارب روپے رہا۔ یوں سالانہ بنیادوں پر اس میں 36فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
- Advertisement -
ماہانہ بنیادوں پر یہ اضافہ 1 فیصد رہا جبکہ اب بھی جون 2022 میں تاریخی بلند ترین آٹو فنانسنگ، جس کا حجم 368ارب ریکارڈ کیا گیا تھا، موجودہ فنانسنگ اس سے 14فیصد کم رہی۔ ماہرین کے مطابق آٹوفنانسنگ میں اضافے کی وجہ شرحِ سود میں نمایاں کمی ہے۔
شرحِ سود میں استحکام اور کمی کے باعث عوام کی آٹو فنانسنگ میں دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ٹریڈنگ اکنامکس کے مطابق مئی 2025 سے دسمبر کے وسط تک شرحِ سود 11فیصد پر برقرار رہنےکے باعث عوام کے اعتماد میں اضافہ اور گاڑیوں کی خریداری میں اضافہ دیکھا گیا۔
مقامی سطح پر آٹو فنانسنگ اور آٹو موٹیو مارکیٹ کیسرگرمیوں میں تیزی دیکھی گئی ہے تاہم غیر ملکی سرمایہ کار اب بھی محدود پیمانے پر سرمایہ کاری کرتے نظر آتے ہیں۔ نومبر 2025 کے دوران براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 50 لاکھ ڈالرز رہا جو سالانہ بنیادوں پر صرف 5فیصد کا اضافہ ہے۔