عابد شیر علی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا
لاہور(مسائل نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر مملکت عابد شیر علی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عابد شیر علی پنجاب کی جنرل نشست پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے۔ سینیٹ کی یہ جنرل نشست مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔
- Advertisement -
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور معروف کالم نگار، شاعر اور مصنف سینیٹر عرفان صدیقی 70 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ عرفان صدیقی نے اپنی زندگی میں تعلیم، صحافت اور سیاست میں نمایاں خدمات سر انجام دیں۔
عرفان صدیقی نے ابتدا میں پرائمری اسکول کے استاد کے طور پر کام کیا بعد میں ہائی اسکول اور پھر سر سید کالج راولپنڈی میں اردو کے لیکچرر کے طور پر تعینات ہوئے بعد ازاں انہوں نے صحافت میں قدم رکھا اور کئی سال مختلف اخباروں میں کالم لکھے۔ 1997 میں جب مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی انہیں صدر رفیق تارڑ کے لیے پریس سیکرٹری اور تقریر نویس مقرر کیا گیا۔ یہی ان کا مسلم لیگ ن سے تعلق کا آغاز تھا۔
عرفان صدیقی سینیٹ کے رکن بھی رہے اور سینیٹ کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے قومی نصاب کمیٹی بنائی، تعلیمی اصلاحات پر کام کیا اور حکومت اور علمی حلقوں کے درمیان روابط مضبوط کیے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔