کراچی میں دو مسافر طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے
کراچی (مسائل نیوز) کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو طیارے خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سول ایو ایشن اتھارٹی کا عمل اپنے جہازوں کو پرندوں کے ٹکرانے سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہا ہے۔کراچی سے پشاور جانے والی پی کے 350 سے اڑان بھرتے ہی ایک پرندہ ٹکرا گیا۔جب کہ لاہور سے کراچی آنے والی دوسری پرواز پی کے 305 سے دورانِ لینڈنگ پرندہ ٹکرا گیا۔
پشاور جانے والی پی کے 350 کو پائلٹ پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے رن وے پر واپس لے آیا جبکہ لاہور سے آنے والے جہاز کی بھی انسپکشن کی جا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق سی اے اے تاحال جہازوں کو پرندوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کوئی جدید نظام نصب نہ کر سکا۔ترجمان پی آئی اے نے جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ائیرپورٹ پر آج دو جہازوں سے پرندے ٹکرائے ہیں۔
صورتحال ائیر ٹریفک کنٹرول کی غفلت کی وجہ سے پیش آیی یا پائلٹ کی غلطی تھی، اس حوالے سے اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔اس سے قبل 9 ستمبر کو جدہ سے کراچی آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ جدہ سے کراچی آنیوالی غیرملکی ایئرلائن سے لینڈنگ سے قبل پرندہ ٹکرا گیا ، پرواز ایس وی 700کے بوئنگ 330 طیارے کے انجن نمبر ون سے پرندہ ٹکرایا۔
کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اتار لیا، ترجمان سعودی ایئرلائن نے بتایا پرندہ ٹکرانے سے انجن کو نقصان پہنچا، اس لئے طیارے کو گراونڈ کردیا گیا تھا ۔ترجمان کے مطابق طیارہ گراونڈ ہونے پر کراچی سے جدہ جانیوالی پرواز ایس وی701منسوخ کردی گئی تھی، تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کیا گیا اور اگلے روز روانہ کیا گیا۔