پی آئی اے کا فضائی میزبان ٹورنٹو سے مبینہ طور پر غائب ہو گیا
اسلام آباد (مسائل نیوز) پی آئی اے کا فلائٹ اسٹیورڈ ٹورنٹو سے مبینہ طور پر غائب ہو گیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فضائی میزبان پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 پر اسلام آباد سے کینیڈا پہنچا تھا۔فضائی میزبان نے 16 اکتوبر کو پرواز پی کے782 کے ذریعے واپس اسلام آباد آنا تھا۔فضائی میزبان کے ڈیوٹی پر نہ پہنچنے پر کینیڈا کی بارڈر سیکیورٹی فورس کو اطلاع کر دی گئی۔
فضائی میزبان کے خلاف ضابطہ کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ پی آئی اے کے فضائی میزبان کینیڈا پہنچ کر لاپتہ ہوئے ہوں۔گذشتہ سال 29جنوری کورمضان گل نامی فلا ئٹ اسٹیورڈبھی ٹورنٹو پہنچنے پرلاپتہ ہواتھا ، کینیڈا کے اسٹیشن منیجر نے ایئر پورٹ اتھارٹی کو فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی جس پر پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبان کی کینیڈا میں گمشدگی کا نوٹس لے لیا۔
ستمبر 2018 میں بھی پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی ، فریحہ نامی ایئر ہوسٹس پی کی789سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات تھی، پرواز کے ٹورنٹو پہنچنے پر دیگر عملے کے ساتھ جہاز سے ہوٹل جانے کیلئے روانہ ہوئی تاہم فضائی میزبان فریحہ مختار مبینہ طور پر ایئرپورٹ سے باہرنہیں آئی اور پی آئی اے حکام سے رابطے میں بھی نہیں رہی۔
اسی طرح 01 فروری کو بھی پی آئی اے کی ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئی تھی۔زاہدہ بلوچ نامی ایئرہوسٹس پی آئی اے کی پرواز پی کی797 پرتعینات تھی اور پرواز پی کی797 کراچی سے 29جنوری کو ٹورنٹوروانہ ہوئی تھی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پروازکی 31جنوری کو وطن واپسی پر زاہدہ نامی فضائی میزبان کے مبینہ لاپتہ ہونے کا علم ہوا، فضائی میزبان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔