گوادر اور تربت میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 3.8 ریکارڈ
گوادر(مسائل نیوز )بلوچستان کے ساحلی اور مکران ڈویژن کے شہروں گوادر اور تربت میں جمعرات کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہری خوفزدہ ہوکر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکارڈ کی گئی شدت 3.8 جبکہ گہرائی 76 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز تربت سے 13 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ریسکیو ادارے اور مقامی انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے زلزلے عمومی طور پر معمولی تصور ہوتے ہیں، تاہم بعض علاقوں میں گہرائی اور جغرافیائی ساخت کے سبب جھٹکے واضح محسوس ہوسکتے ہیں۔