کراچی کے اسکول میں طالبعلم اور اسکی والدہ پر وحشیانہ تشدد؛ دیکھیں وائرل ویڈیو
کراچی (مسائل نیوز)کراچی کے علاقے ناظم آباد پاپوش نگر میں واقع ایک نجی اسکول میں ایسا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس نے نہ صرف بچے کے والدین بلکہ پورے علاقے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ اس واقعے نے تعلیم کے مقدس پیشے کو ایک بار پھر سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔
عین شاہدین کے مطابق اسکول کی خواتین اساتذہ اور اسکول پرنسپل مل کر ایک کمسن طالبعلم کو بے رحمی سے مارا جس پر متاثرہ بچے کی والدہ اسکول پہنچیں تو اسکول کی خواتین اساتذہ اور اسکول پرنسپل نے ملکر بچے کی والدہ کو
- Advertisement -
بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسکول کی خواتین اساتذہ اور اسکول پرنسپل مل کر ایک کمسن طالبعلم کو بے رحمی سے مار رہی ہیں۔ ویڈیو میں بچے کی چیخیں اور بے بسی واضح طور پر محسوس کی جا سکتی ہیں جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے۔
اس واقعے پر اہلِ علاقہ اور والدین نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ استاد کا رشتہ ہمیشہ قابلِ احترام رہا ہے لیکن ایسے واقعات اس رشتے کو داغدار کر دیتے ہیں۔ والدین کا سوال ہے کہ جب وہ اپنے بچوں کو اعتماد کے ساتھ اسکول بھیجتے ہیں تو کیا انہیں ایسے سلوک کا سامنا کرنا پڑے گا؟
متاثرہ خاندان اور علاقے کے لوگوں نے وزیرِ تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور جو بھی اس ظلم میں ملوث پایا جائے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی استاد بچوں پر ہاتھ اٹھانے سے پہلے سو بار سوچے۔