پی ٹی آئی میں سیاسی اختلافات شدید، پارٹی گروپس میں 30 کروڑ غائب ہونے پر گرما گرمی
اسلام آباد(مسائل نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) میں سیاسی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ پارٹی گروپس میں سیاسی کمیٹی، 30 کروڑ کے فنڈز کے غائب ہوجانے اور بار کونسل الیکشن پر گرما گرمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی ذرائع کا حوالہ دیتی ہوئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نئی سیاسی کمیٹی بنانے کا نہیں کہا تھا بلکہ معمولی تبدیلی کرنے کا کہا تھا۔ پارٹی سیکریٹری جنرل سے سخت سوالات کیے گئے۔
پارٹی ذرائع کا حوالہ دیتی رپورٹ کے مطابق سلمان اکرم راجہ سے پوچھا گیا کہ آپ نے سیکریٹری جنرل ہوتے ہوئے بار الیکشن کیوں لڑا؟ جبکہ سینئر سیاسی رہنما قاضی انور کا استعفیٰ سیکریٹری جنرل کی وجہ سے آیا تھا کیونکہ سلمان اکرم نے اپنا نام پہلے نمبر پر رکھا۔
- Advertisement -
ذرائع کا حوالہ دیتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پارٹی کے 30کروڑ سے زائد کے فنڈز غائب ہونے پر بھی پارٹی گروہوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ یہ رقم بانی عمران خان اور دیگر اسیران کے وکلا کی فیسز کیلئے اوور سیز نے تحریکِ انصاف کو بھیجی تھی۔
اوور سیز کی جانب سے بھیجی گئی 30کروڑ کی خطیر رقم کہاں گئی؟ یہ کسی کو معلوم نہیں اور اور پارلیمنٹیرینز سے ماہانہ 1لاکھ فی کس بھی مانگے جارہے ہیں جبکہ پارلیمنٹیرینز نے سوال اٹھایا کہ 30کروڑ کے فنڈز کس این جی او کو دئیے گئے یہ این جی او کون چلاتا ہے؟
چند پارلیمنٹیرینز نے واضح طور پر کہا کہ جب تک پرانے فنڈز کا حساب نہیں دیاجاتا، فنڈز نہیں دیں گے۔ اس سے قبل علی امین گنڈا پور بطور وزیر اعلیٰ عمران خان اور دیگر اسیران کے قانونی اخراجات برداشت کر رہے تھے۔ ان کے وزارتِ اعلیٰ چھوڑنے کے بعد فنڈز آنا بند ہوگئے۔