رجیم چینج سے متعلق امریکا پر الزامات میں کوئی حقیقت نہیں
واشنگٹن (مسائل نیوز) امریکی محکہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں رجیم چینج سے متعلق امریکا پر الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران نیڈ پرائس نے کہا پروپیگنڈا اور غلط معلومات کو دونوں ممالک کے تعلقات میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ نیڈ پرائس نے کہا وہ پاکستان میں بلیم گیم سے متعلق تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات ہمارے لیے اہم ہیں۔جمہوری اور خوشحال پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔جب کہ گذشتہ روز پاکستان میں تعینات روسی سفیر ڈنیلا گانیچ نے کہا ہے کہ عمران حکومت کو ہٹانے میں بہت سے عوامل کارفرما تھے۔روسی سفیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی حکومت کو ہٹانے کی بنیادی وجہ داخلی تبدیلیاں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا جب کسی سے غیر مطمئن ہوتا ہے تو وہ اس کے لیے مسائل پیدا کرتا ہے،عمران خان کے معاملے میں یہ ایک اہم فیکٹرضرور تھامگر کلیدی نہیں ۔
- Advertisement -
روسی سفیر نے کہاکہ عمران خان کو سنجیدہ نوعیت کے اندرونی مسائل کا سامنا نہ ہوتا تو وہ سازش کے باوجود وزیراعظم رہ سکتے تھے۔خیال رہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کئی بار یہ دعوے کر چکے ہیں کہ روس کا دورہ کرنے پر امریکا ناراض تھا جس کے بعد امریکی سازش کے تحت ان کی حکومت گرائی گئی۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ایک سازش کے تحت ان کی حکومت ہٹائی گئی جس میں امریکا کے کہنے پر اسٹیبلشمنٹ اور ان کی دیگر مخالف جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کامیاب بنائی۔عمران خان نے اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ’امریکی غلامی نامنظور‘ کی مہم بھی چلائی جسے عوام میں خاصی مقبولیت ملی۔ساتھ ہی عمران خان یہ بھی دعوی کرتے ہیں سابق آرمی چیف نے امریکا کو یہ تاثر دیا کہ میں امریکا مخالف ہوں۔