بلاول بھٹو زرداری کا نام وزارت خارجہ کے لیے فائنل نہیں ہوا
اسلام آباد (مسائل نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ایاز صادق کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا نام وزارت خارجہ کے لیے فائنل نہیں ہوا۔انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل تک کابینہ کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ایاز صادق نے کہا کہ شہباز شریف نے کابینہ کی تشکیل کے لیے کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے، ہم اتحادی جماعتوں سے کابینہ کے لیے ملاقاتیں اور مشاورت کر رہے ہیں۔
کابینہ کے لیے ہم نام اکٹھے کر رہے ہیں، اصل فیصلہ شہباز شریف باقی جماعتوں سے مل کر کریں گے۔پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کا نام وزارت خارجہ کے لیے ابھی فائنل نہیں ہوا۔ایاز صادق نے کہا کہ بعض لوگوں کو رانا ثناءاللہ کے نام سے خوف آتا ہے ، میرے خیال سے راناثناءاللہ کو انسداد منشیات کی وزارت بھی دینی چاہئیے۔
- Advertisement -
قبل ازیں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے کئی اراکین استعفے نہیں دینا چاہتے ،زبردستی کسی سے استعفیٰ نہیں لیا جا سکتا،قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی عملے پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ استعفے منظور کرے،قومی اسمبلی کا عملہ کوئی غیر قانونی کام نہ کرے، اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا،اگر آئین و قانون پر عمل کرتے ہوئے استعفیٰ دیں گے تو قبول ہو سکتے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ اعلی عدلیہ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیا، اپوزیشن جماعتوں نے 9 تاریخ کو ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی، ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر 16 اپریل کو ووٹنگ لازمی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے ارکان جو بہت سے ہمارے دوست ہے وہ استعفے نہیں دینا چاہتے، ہمارے دوست ڈپٹی اسپیکر اس وقت قائم مقام اسپیکر ہے، قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی عملے پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ استعفے منظور کرے، قومی اسمبلی کا عملہ کوئی غیر قانونی کام نہ کرے، اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ مشترکہ اپوزیشن جماعتوں نے جہدوجہد کے تحت ان کو اقتدار سے ہٹایا گیا، غیر قانونی کام کرکے پاکستان کا نام بدنام کیا جارہا ہے، آپ جمہوری اور پرامن طریقے سے لڑیں۔ انہوںنے کہاکہ پورے ملک کو تقسیم کیا جارہا ہے، حق اور باطل کی جنگ ہم لڑرہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہماری قومی اسمبلی میں اکثریت ہے۔ سر دار ایاز صادق نے کہاکہ نیب کے تمام افسران کے نام ای سی ایل پر ڈالنے چاہئیں،ان سے اثاثوں سے متعلق پوچھنا چاہیے ۔