حکومت بلوچستان کا ضلع کچھی کے شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ اور ساتھی اہلکار کو “شہید” قرار دینے کا اعلان
کوئٹہ(مسائل نیوز )حکومت بلوچستان نے ضلع کچھی کے بھاگ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او لطف علی کھوسہ اور کانسٹیبل محمد عظیم کو “شہید” قرار دیتے ہوئے ان کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا باضابطہ اعلان کردیا۔محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایچ او لطف علی کھوسہ ولد غلام یاسین اور کانسٹیبل محمد عظیم ولد محمد رمضان 27 اکتوبر 2025 کو تحصیل بھاگ میں دہشتگردوں کے حملے میں جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ حکومت بلوچستان نے دونوں اہلکاروں کی بہادری اور فرض شناسی کے اعتراف میں انہیں “شہید” قرار دیا ہے۔محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہدا کے ورثا کو “بلوچستان سول سرونٹس اینڈ ایمپلائز بینیفٹس اینڈ ڈیتھ کمپنسیشن پالیسی 2020” کے تحت معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔اعلامیے کے مطابق شہید ایس ایچ او لطف علی کھوسہ کے لواحقین کو ایک کروڑ بائیس لاکھ روپے جبکہ شہید کانسٹیبل محمد عظیم کے لواحقین کو ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔حکومت بلوچستان نے کہا ہے کہ صوبے کے امن کے لیے جانیں قربان کرنے والے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کی بھرپور مدد و کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے۔