MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

ٹیم نے ورلڈ کپ جیتنے کیلئے آخری گیند تک بڑی جان ماری

0 308

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور (مسائل نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم سب کو ورلڈ کپ جیت کی امید تھی، لیکن سب انسان کے ہاتھ میں نہیں، ٹیم نے آخری گیند تک بڑی جان ماری ،مجھے علم ہے کہ قوم ورلڈکپ فائنل کی وجہ سے صدمے میں ہے۔ انہوں نے ویڈیو لنک پر لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ورلڈ کپ کا فائنل ختم ہوا مجھے اس چیز کا علم ہے کہ میری قوم صدمے سے گزر رہی ہے، کیونکہ ہم سب ورلڈ کپ جیت کی امید لگائے بیٹھے تھے، میں کہنا چاہتا ہوں کرکٹ میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، میں اپنی ٹیم کو کہتا تھا آخری گیند تک لڑو، لیکن جب انسان کی پوری کوشش کے بعد ایک رزلٹ آجاتا ہے تو پھر انسان کہتا ہے کہ اللہ کی مرضی ہے ، ٹیم نے آخری گیند تک بڑی جان ماری لیکن انسان کے ہاتھ میں نہیں ہے، شاہین آفریدی کو اس آخری وقت میں انجری ہوگئی جب اہم مرحلہ تھا اور فرق پڑ سکتا تھا ، میں نہیں کہتا کہ جیت ہی سکتے تھے، لیکن گیم چینج ہوسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آج بڑی دیر کے بعد کرکٹ دیکھی، خاص طور پر کہتا ہوں کہ ہماری فاسٹ باولنگ دنیا میں بہترین فاسٹ باؤلنگ اٹیک ہے، دعا کرتے ہیں شاہین آفریدی جلد ی صحت یاب ہو، بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹسمین ہے، جس طرح یہ آگے بڑھ رہا ہے اس طرح یہ دنیا کے سارے بیٹسمینوں کو پیچھے چھوڑ جائے گا۔اس وقت ہم مایوس تو ہیں لیکن پاکستانی ٹیم دنیا کی ٹاپ ٹیم میں گنی جاتی ہے۔
واضح رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں قومی ٹیم کو شکست دے کر انگلینڈ عالمی چیمپئن بن گیا۔ پاکستانی اوپنرز نے میچ کی ابتدائی گیند نوبال ہونے کے باوجود محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ ابتدائی تین اوورز میں 16 رنز کے بعد تیسرے اوور میں اوپنرز نے نسبتاً تیز سکور کیا اور کرس ووکس کے اوور میں 12 رنز بٹورے۔ اوپنرز نے پاکستان کو 29 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر محمد رضوان سیم کیرن کا شکار بن گئے۔
عادل رشید نے 45 کے سکور پر پاکستان کی دوسری وکٹ حاصل کی جب محمد حارث 8 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود اور بابراعطم نے مل کر سکور کو 84 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور عادل رشید کی گیند پر بابر اعظم انہی کو کیچ دے کر چلتے بنے، انہوں نے 28 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ عال رشید نے وکٹ میڈن اوور کرایا اور اگلے اوور میں افتخار بھی 6 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے بین سٹوکس کی وکٹ بن گئے۔
شاداب خان اور شان مسعود نے پانچویں وکٹ کے لیے 36 رنزجوڑے لیکن شان ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں لیام لیونگسٹن کو آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 27 گیندوں میں 38 رنز بنائے۔ شاداب بھی 20 رنز بنانے کے بعد کرس جورڈن کا شکار بنے۔ نواز کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ بھی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد وسیم نے 8 گیندوں پر 4 رنز بنائے۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ 138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز کو بولڈ کرکے واپس پویلین بھیج دیا۔ فل سالٹ اور جوز بٹلر نے سکور 28 رنز تک پہنچایا لیکن ،حارث رؤف کی گیند پر فل سالٹ پویلین لوٹ گئے۔ جوز بٹلر کئی بار باہر جاتی ہوئی گیند پر آؤٹ ہونے سے بچے لیکن پھر حارث رؤف کی گیند پر اسی طرح سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے،انہوں نے 26 رنز بنائے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد اسٹوکس کا ساتھ دینے ہیری بروکس آئے اور دونوں نے سکور 84 تک پہنچایا لیکن شاداب کی گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچانے کی کوشش میں ہیری بروک شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔ انگلینڈ کو آخری پانچ اوورز میں فتح کے لیے 41رنز درکار تھے۔ تاہم گرین شرٹس کو اس وقت دھچکا جب شاہین شاہ انجری کا شکار ہوکر اپنا ادھورا چھوڑ کر ڈگ آؤٹ کی جانب واپس لوٹ گئے۔
اس خلا کا انگلینڈ نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور باآسانی پانچ وکٹ کے نقصان پر ہدف تک رسائی حاصل کر کے دوسری مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ اس سے قبل ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میلبرن میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے فائنل میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ عالمی کپ جیتنے کا اچھا موقع ہے، کوشش ہوگی پاکستان کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کریں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹیم جیت کیلئے پرعزم ہے، کوشش ہوگی، اسکور بورڈ پر بڑا ٹارگٹ لگائیں اور انگلش ٹیم کو پریشر میں لائیں۔ دوسری جانب محکمہ موسیمات کا کہنا ہے کہ میلبرن میں کہیں دھوپ اور کہیں بادل تاحال موجود ہیں لیکن بارش کے امکانات 95 سے کم ہوکر 45 فیصد پر آگئے ہیں۔ پاکستان کا سکواڈ کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف پر مشتمل ہے جب کہ انگلینڈ کا سکواڈ کپتان جوز بٹلر، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، سیم کرن، کرس جارڈن، کرس ووکس اور عادل رشید پر مشتمل ہے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.