انتخابی شیڈول جاری نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر
لاہور (مسائل نیوز) پنجاب اسمبلی کا انتخابی شیڈول جاری نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب اسمبلی کا انتخابی شیڈول جاری نہ کرنے پر توہین دالت کی درخواست دائر کی گئی ہے،درخواست میں چیف الیکشن کمشنر،سیکرٹری اور ممبران سمیت گورنر پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دیا۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ارکان اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالتی احکامات کے باوجود الیکشن تاریخ نہ دینے پر یہ درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی،اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر درخواست دائر کی۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داری پورے نہیں کر رہے،گورنر پنجاب کا سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہوتا۔گورنر کا کام صرف آئین اور قانون پر عمل کرنا ہوتا ہے،وفاقی اور نگران حکومت اپنے آئینی کردار سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ یاد رہے کہ دو روز لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دیا،لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دینے کی ہدایت کی۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے تحریری فیصلہ بھی جاری کیا،جسٹس جواد حسن نے 16 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا،تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں فوری الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے،الیکشن کمیشن گورنر سے مشاورت کے بعد نوٹیفکیشن جاری کرے۔یقینی بنایاجائے کہ آئین میں دی گئی 90 دن کی مدت سے تجاوز نہ ہو۔ تحریری فیصلے کے مطابق گورنر کے دستخط کے بغیر اسمبلی خود تحلیل ہو تو اس صورت میں آئین نے کسی اتھارٹی کو تاریخ دینے کا پابند نہیں کیا۔