محکمہ تعلیم میں خالی 9ہزار سے زائد اسامیوں پر جلد بھر تیاں کی جا ئینگی، صوبائی وزیر تعلیم
کوئٹہ(مسائل نیوز)محکمہ تعلیم میں خالی 9ہزار سے زائد اسامیوں پر جلد بھر تیاں کی جا ئینگی، صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم کی بہتری اور تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اساتذہ کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے فرائض محنت اور لگن سے اداکریں انکے مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے،محکمہ تعلیم میں خالی 9ہزار سے زائد اسامیوںپر تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی جس سے پڑھے لکھے نوجوانوں کوروزگارکے مواقع میسرآئیں گے۔ یہ بات انہوں نے مقامی ہال میں گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن کے صوبائی عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے، سیکرٹری تعلیم عبدالروف بلوچ ، ڈائریکٹراسکولز عبدالواحد شاکر،گورنمنٹ ٹیچرزایسوسی ایشن کے صدر حبیب الرحمن مردان زئی ،میرشہباز خان قلندرانی،سجاد رند اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ معاشرے میںاساتذہ کرام کو بڑی عزت اورقدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اساتذہ کے مسائل حل کرنے اور تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ تعلیم کو ترجیحات میںرکھا ہوا ہے اور وہ اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی فائل بھیجی ہے انشا اللہ جلد ہی اساتذہ کوا پ گریڈیشن کی خوشخبری ملے گی اورجونیئر اساتذہ کو پروموشن دی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم کی مسنگ اسامیوں کے حوالے سے سیکرٹری فنانس سے بات ہوئی ہے یہ مسئلہ بھی جلد حل کرلیاجائے گااساتذہ کو ٹیچنگ الاونس دینے کے حوالے سے بھی سمری وزیراعلی کوبھیجیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جو اساتذہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنا چاہتے ہیں وہ آئیں ہمیں انہیں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے اسکے علاوہ اساتذہ کو تربیتی کورسز کروانے کیلئے اقدامات کریں گے تاکہ اساتذہ کی استعداد کار کو بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے سروسز رولز میں خامیاوں کودور کیا جائے گا ،محکمہ تعلیم میں خالی 9ہزار سے زیادہ اسامیوں پر جلد ہی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی جس سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو بھی ہمارے ساتھ ایک وعدہ کرنا ہوگا کہ وہ اپنے فرائض محنت اورایمانداری سے سرانجام دیں گے اور بچوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کریں گے۔گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر حبیب الرحمن مردان زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم میں مسنگ پوسٹیں سب سے بڑا مسئلہ ہے جسے فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن نے غیر حاضر اساتذہ کی کبھی بھی حمایت نہیں کی ہے اور نہ آئندہ کریں گے ۔
- Advertisement -