حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے پورا ملک بلکہ صوبہ بلوچستان خصوصا رخشاں ڈویژن کے زمیندار شدید متاثر ہوئے ہیں،عبدالقادر بلوچ
خاران(مسائل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی کوارڈینیٹر سابق وفاقی وزیر و سابق گورنر بلوچستان جنرل ر عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے پورا ملک بلکہ صوبہ بلوچستان خصوصا رخشاں ڈویژن کے زمیندار شدید متاثر ہوئے ہیں قیمتی مشینری اور زمینات کو شدید نقصان پہنچا کھڑی اور تیار فصلات کے نقصانات سے زمینداروں کے اربوں کا نقصان پہنچا جس سے زمیندار طبقہ مفلوج ہوکر رہ گیا ۔ وسائل کی کمی کی وجہ سے زمینداروں کو اپنے پاوں پر کھڑے ہونے کیلئے برسوں لگیں گے۔ اس وقت زمیندار طبقہ نان شبینہ کا محتاج بن کر قرضوں تلے دب چکا ہے۔ حکومت کی جانب سے زمینداروں کے بحالی کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں جس سے زمیندار طبقہ شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ زمینداروں کے بحالی کی خاطر زرعی قرضوں کی معافی زمینداروں کے ذمہ واپڈا کے بقایا جات معاف کرنے اور آئیندہ سال بلوچستان کے زمینداروں کو مفت بجلی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ واپڈا بجلی بل کے مد میں سبسڈی بحال کرکے وفاقی حکومت زمینداروں کو زرعی بیج کھادیں اور زرعی مشینری سبسڈی بنیاد پر فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرے تاکہ بلوچستان کے زمیندار اپنے پاوں پر کھڑے ہوکر ملک کی معشیت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔