ہیرا پھیری کر کے اعتماد کے ووٹ کا تقدس پامال کیا گیا
لاہور (مسائل نیوز) سابق وزیراعلٰی اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ رات صوبائی اسمبلی کی تاریخ کا بدترین واقعہ ہوا،جھرلو اور ہیرا پھیری کر کے اعتماد کے ووٹ کا تقدس پامال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے چوہدری پرویز الٰہی کی اعتماد کے ووٹ میں کامیابی پر اپنے بیان میں کہا کہ پولنگ ایجنٹ مقرر نہ کر کے بدنیتی اور بددیانیتی کا ثابت کر دی ہے،رات کے اندھیرے میں اسمبلی قوائد اور آئین پر شب خون مارا گیا۔
دھوکے سے اسمبلی کارروائی شروع کر کے جعلی گنتی کی گئی،اس بدترین دھاندلی کیخلاف آئینی اور قانونی آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم واپس لے لیا،لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم معطل کر دیا اور چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست نمٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ گورنر کے وکیل نے بتایا کہ گورنر پنجاب سے رابطہ ہو گیا،گورنر نے اعتماد کے ووٹ کی تصدیق کر دی ہے،گورنر بلیغ الرحمان نے وزیراعلٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم واپس لے لیا ہے۔
جسٹس عابد عزیز شیخ نے ریمارکس دئیے کہ گورنر نے نوٹیفیکشن واپس لے لیا ہے تو معاملہ ہی ختم ہو گیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب اسمبلی میں چوہدری پرویز الٰہی نے 12 جنوری کو اعتماد کا ووٹ حاصل کیا،وزیراعلٰی پنجاب نے آرٹیکل 137 کے تحت اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے قرار دیا کہ اعتماد کے ووٹ کا نتجہ گورنر پنجاب نے مان لیا ہے،گورنر کے وکیل نے بیان عدالت میں دیا۔لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلٰی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم معطل کر دیا اور چوہدری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی درخواست نمٹا دی۔