دبئی کا ویزہ حاصل کرنا مزید آسان ہوگیا
دبئی (مسائل نیوز) دبئی کا ویزہ حاصل کرنا مزید آسان ہوچکا ہے کیوں کہ اب آپ ویڈیو کال کے ذریعے بھی ویزہ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ خلیجی میڈیا کے مطابق دنیا بھر سے لوگ اب ویڈیو کالز کے ذریعے دبئی میں رہائش سے متعلق اپنی درخواستوں پر کارروائی مکمل کرسکتے ہیں کیوں کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA-Dubai) نے اس سروس کا آغاز کردیا ہے، جس سے اس کے صارفین نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے دستاویزات اور رہائش سے متعلق درخواست کے طریقہ کار کو مکمل کر سکیں گے، یہ سروس ملک کے اندر اور باہر سے آنے والے صارفین کو محکمے کے ملازمین کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے کے قابل بناتی ہے، یہ کسی بھی درخواست دہندہ کے ساتھ کام کرے گا جس کے اسمارٹ فون پر سامنے والا کیمرہ ہو۔
بتایا گیا ہے کہ یہ سروس بدھ 11 جنوری 2023ء کو دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے زیر اہتمام ایک فورم کے دوران شروع کی گئی، جس میں جی ڈی آر ایف اے کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری، جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبید محیر بن سورور، اسسٹنٹ جنرل میجر جنرل طلال احمد الشنقیتی نے شرکت کی، ہوائی اڈے کے پاسپورٹ امور کے شعبے کے ڈائریکٹر اور محکمے کے دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دبئی کی نئی ویڈیو کال سروس کے ذریعے صارفین 5 منٹ کے اندر اتھارٹی کو دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں، اس کے لیے اب انہیں اتھارٹی کے “کسٹمر ہیپینس سروس سینٹرز” کا دورہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، نئی سروس سمارٹ گورنمنٹ کو اعلیٰ سطح پر لے جاتی ہے کیوں کہ صارفین دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کی ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعے بھی اس سروس کی درخواست کر سکتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل المری نے کہا کہ یہ سروس صارفین کو نئی ویڈیو کال سروس کے ذریعے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کی طرف سے فراہم کردہ تمام خدمات کو بتدریج مکمل کرنے کے قابل بنائے گی، اس کے ساتھ صارفین آفیشل چینلز کے ذریعے جمع کرانے کے بعد لین دین کو مکمل اور فالو اپ کر سکتے ہیں۔ دریں اثنا کسٹمر ہیپی نیس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل سالم بن علی نے کہا کہ سروس کو آمر سروس نمبر 8005111 جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کی ویب سائٹ اور سمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے، اس کے لیے فرنٹ کیمرہ کو سپورٹ کرنے والی کوئی بھی ڈیوائس استعمال کی جا سکتی ہے، کال سینٹر درخواست جمع کرانے سے پہلے پوچھ گچھ کا جواب دیتا
- Advertisement -

ہے جب کہ ویڈیو کالز کے ذریعے لین دین کی پیروی کی جا سکتی ہے۔
اہلکار نے وضاحت کی کہ اگر درخواست کے عمل کے دوران کچھ دستاویزات کی کمی ہے تو صارف بعد میں انہیں چیٹ باکس میں بھی بھیج سکتا ہے، متعلقہ افسر پھر انہیں آسانی سے اپ لوڈ کرے گا اور درخواست کے ساتھ منسلک کردے گا جب کہ اس سے پہلے پہلے یہ عمل مکمل کرنے کے لیے درخواست دہندہ انتظامیہ کے پاس جایا کرتا تھا تاہم اب ویڈیو کال سروس کے ذریعے آن لائن ہی ان ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے، فی الحال اس سہولت کے اوقات کار صبح سے شام 6 بجے تک سرکاری اوقات کار کے دوران ہوں گے تاہم آنے والے دنوں میں یہ سروس 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کی نئی ویڈیو کال سروس تمام خدمات کا احاطہ کرتی ہے، جن میں گولڈن ریزیڈنس ویزہ، مالیاتی دعوے، قانونی مشورہ، داخلے کے اجازت نامے کی خدمات، الیکٹرانک پاسپورٹ کا اجراء اور تجدید وغیرہ شامل ہیں، اس کے ذریعے محکمے کا مقصد انتظامیہ کے لیے اپنے “زیرو وزٹ” کو نافذ کرنا ہے تاہم غیر معمولی معاملات میں اگر افسر کسی درخواست کو مکمل کرنے سے قاصر ہو تو افسر انتظامیہ سے ملنے کے لیے ملاقات کا وقت طے کرنے کے لیے صارف کو ایک لنک بھیجے گا۔