حقیقی آزادی کے آخری مرحلے پر پہنچ چکے، عمران خان کا عوام کو لاہور جلسے کی دعوت کے لیے ویڈیو پیغام
اسلام آباد (مسائل نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 13 اگست کے جلسے سے متعلق عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کر دیا ہے جس میں خصوصی طور پر فیملیز کو شرکت کی دعوت دی گئی۔عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کی رات آپ کو لاہور ہاکی سٹیڈیم آنے کی دعوت دیتا ہوں۔سب نے آنا ہے، فیملیز بچے، بزرگ اور خاص طور پر نوجوان جلسے میں آئیں ۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے چودہ اگست کا جشن بھی منانا ہے اور حقیقی آزادی کے سفر پر بھی جانا ہے۔ہم حقیقی آزادی کے آخری مرحلے پر پہنچ چکے ہیں۔ایک خودار قوم کے لئے ہم سب کو دعوت دے رہا ہوں کہ ہم نے پاکستان کو وہ ملک بنانا ہے جو سوائے اللہ کے کسی کے آگے نہیں جھکتا۔عمران خان نے کہا کہ ہم جشن منائیں گے اور طے کریں گے کہ اپنے نظریے پر کیسے پہنچنا ہے۔
۔گذشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں پارٹی رہنمائوں کی گرفتاریوں اور لاہور جلسے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شرکاء نے ملکی سیاسی صورتِ حال اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے غوربھی کیا۔
عمران خان نے کہا کہ 13 اگست کو لاہور میں عظیم الشان جلسہ کریں گے۔ جلسے میں اہم اعلانات کروں گا،اور مستقبل کالائحہ عمل دوں گا۔پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عمران خان نے مفادات کی سیاست کرنا ہو تی تو مک مکا کی سیاست کرنے والوں کو کبھی نہ للکارتے۔13اگست کو لاہور میں جلسے کے اعلان سے حکمرانوں کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔