لاہور(مسائل نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی سے امریکی قونصل جنرل کی لاہور میں ملاقات ہوئی۔امریکی قونصل جنرل نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر پرویزالہٰی کو مبارکباد دی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں نشیب و فراز آتے رہے ہیں۔
امریکہ کے ساتھ بہترین تعلقات کے خواہاں ہیں۔پاکستان پرامن ملک ہے،ہمسایہ ممالک سے اچھے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پرویزالہٰی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کوآئین کے مطابق یکساں حقوق حاصل ہیں،ہماری حکومت لوگوں کی فلاح وبہبود کو محور بنا کریکساں ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
جب کہ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
- Advertisement -
پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب کی تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے بڑے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے 90شاہراہ قائداعظم پر پنجاب بھر سے تعلق رکھنے والے تاجر برادری کے نمائندوں نے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے تاجر برادری سے اپنے خطاب میں پنجاب بھر میں کاروبار کے اوقات کار کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور دکانیں اتوار کو کھلی رہیں گی۔ پنجاب بھر میں کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کے لئے اتوار کی چھٹی ختم کر دی ہے۔کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں کیلئے رات 9 بجے کاروبار کی بندش کی پابندی بھی ختم کر دی ہے۔ کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور دکانوں پر اوقات کار کی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ریلیف دینے کیلئے پارکنگ کے مسائل بھی حل کریں گے۔