شہباز گل کے بیان پر عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے،شرجیل میمن
کراچی (مسائل نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے بیان پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ عمران خان کو یہ بھی یقین دلانا چاہیے کہ وہ قومی اداروں کے خلاف اب کبھی ٹرینڈ نہیں چلوائیں گے۔ جیو نیوز کے مطابق شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہوا تو قوم عمران خان کو معاف نہیں کرے گی۔
دوسری جانب ترجمان پی ڈی یم حافظ حمد اللہ نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ کیس میں نا اہل ہو گئے تو یہ آپ کے کاموں کا نتیجہ ہو گا۔ جرم عام آدمی کرے یا لیڈر وہ قانون سے مستثنیٰ نہیں ہوسکتا۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان نے اداروں کی تباہی کی بات کی۔ نیوٹرل کو جانور اور میر جعفر کہا۔ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کیا اور ٹرینڈ چلائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔ شہباز گل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے۔ ملزم جس پیپر کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے۔ پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت کی جانب سے کوہسار پولیس کو شہباز گل کو جمعہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔