عمران خان سے آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی
لندن(مسائل نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا کہ عمران خان سے آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارا قومی کلچر بگاڑ دیا، پاکستان میں 70 سال میں پہلی بار ایسا کلچر دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وہ تباہی مچائی ہے جس کی مثال نہیں ملتی، شکر ادا کرو جان چھوٹی، آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔
نوازشریف نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے سیاسی، معاشی، اقتصادی، آئینی اور معاشرتی بحران پیدا کر دیا۔سابقہ حکومت سر سے پاؤں تک بحران پیدا کرکے گئی، وزیراعظم شہباز لندن پہنچیں گے، ان سے اہم امور پر بات چیت ہو گی۔جبکہ لندن میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عوام پر بوجھ ڈالیں گے تو ہر چیز کی قیمت آسمان پر جائے گی، اس پر کل اتحادی قائدین سے مشاورت ہوئی تھی جب کہ مخلوط حکومت کی میٹنگ میں نواز شریف اور میں نے شرکت کی ‘ یہ ضروری تھا کہ شہباز شریف لندن آکر مشورہ کریں‘ اتحادیوں سے مل کر فیصلہ کریں گے۔
- Advertisement -
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے تاثر دیا کہ سبسیڈیز فنڈڈ ہیں جو کہ نہیں تھیں ، یہ مجموعی طور پر 300 ارب کا مسئلہ ہے اس کے علاوہ پاکستانی عوام چند برس میں مہنگائی کا طوفان برداشت کرچکی ، اب مزید برداشت کے قابل نہیں ہے ، اتحادیوں سے مل کر فیصلہ کریں گے اور کوشش ہوگی کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ الیکشن سے متعلق سوال کا جوب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر کے مطابق اکتوبر سے پہلے الیکشن کرا ہی نہیں سکتے ، الیکشن کرانے کا دوسرا آپشن اگست 2023 ہے تاہم الیکشن کا فیصلہ اتحادی جماعتیں مل کر کریں گی ، پاکستان میں انارکی پھیلانے کی کوشش کرنا اچھی بات نہیں ہے ۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں ، مسلم لیگ ن کے دیگر اہم رہنما بھی ان کے ہمراہ برطانیہ پہنچے ہیں جن میں وفاقی وزیر احسن اقبال ، مریم اورنگزیب ، خواجہ سعد رفیق ، خواجہ آصف اور خرم دستگیر شامل ہیں۔