کوئٹہ کینٹ میں داخلے کیلئے شرائط میں نرمی۔شہریوں کا اظہار مسرت کور کمانڈرکوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سے اظہار تشکر
کوئٹہ(مسائل نیوز)کوئٹہ کینٹ میں طویل عرصے بعد شہریوں کیلئے داخلے میں نرمی کردی گئی ۔اوریجنل شناختی کارڈ کی بنیاد پر شہریوں کو کینٹ میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے ۔ شہریوں نے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مثبت اقدام سے طویل عرصے بعد شہریوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا اور اب وہ اوریجنل شناختی کارڈ دکھا کر با آسانی کوئٹہ کینٹ میں آمد و رفت کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کینٹ میں شہر کے بہترین تعلیمی ادارے ‘ شاپنگ مالز ‘ ہسپتال اور پارکس واقع ہیں ۔ روزانہ سینکڑوں افراد کو کوئٹہ کینٹ میں داخلے کیلئے کینٹ پاس سمیت دیگر سخت شرائط کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت کینٹ میں داخل ہونے سے ہچکچاتی تھی انہوں نے کہا کہ اب کینٹ میں شہریوں کے داخلے میں شرائط میں نرمی کے باعث شہری با آسانی کینٹ میں داخل ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام کو آگے بھی جاری رکھا جائیگا اور سیکورٹی کے پیش نظر ایسے اقدامات سے گریز کیا جائیگا جس سے عام آدمی کیلئے مشکل پیدا ہوتی ہو۔