اب نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں، ’ب فارم‘ ملے گا سیدھا آپ کے موبائل پر، جانئے مکمل طریقہ
اسلام آباد(مسائل نیوز)اگر آپ کے بچے کا ’ب فارم‘ تیار ہو گیا ہے تو اب نادرا کے دفتر جانے کی کوئی ضرورت نہیں۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق شہری اگر پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے ’ب فارم‘ کے لیے درخواست دیتے ہیں تو فارم براہِ راست ان کے موبائل ایپ میں دستیاب ہوگا۔
نادرا نے وضاحت کی کہ ’ب فارم‘ بننے کے بعد صارف اپنی ٹریکنگ آئی ڈی کے ساتھ دیے گئے پی ڈی ایف آئیکن پر کلک کریں، جس کے بعد فارم (ایف آر سی) خود بخود موبائل والٹ میں محفوظ ہو جائے گا۔
اسی کے ساتھ نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ کا نیا ورژن 5.0.4 بھی جاری کیا ہے، جس نے شہریوں کے لیے شناختی خدمات کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے۔
نئی اپ ڈیٹ کے بعد شہری اب اپنے موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس کو بھی ایپ ہی کے ذریعے اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں، جس کے لیے اب دفتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی۔
- Advertisement -
اپنے نمبر کی تبدیلی کے لیے صارفین کو بس ایپ کھول کر پروفائل سیٹنگز میں جانا ہوگا، وہاں ’ایڈٹ موبائل‘ کا آپشن منتخب کریں اور نیا نمبر درج کریں۔
تصدیق کے لیے ایک ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) بھیجا جائے گا، جو درج کرتے ہی نمبر فوری طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گا۔
نادرا کے مطابق ایک فعال موبائل نمبر کو پروفائل سے منسلک کرنے کے بعد شہری اپنے شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن، اور دیگر خدمات سے متعلق تازہ ترین اطلاعات براہِ راست حاصل کر سکیں گے۔
مختصراً نادرا کی نئی اپ ڈیٹ نے شہریوں کو دفاتر کے چکروں سے نجات اور شناختی سہولتوں کو ان کی انگلیوں تک پہنچا دیا ہے۔