ماضی کو لے کر میرے دل میں کچھ نہیں ہے
لاہور(مسائل نیوز) قومی کرکٹر عمراکمل اپنی اہلیہ کے ہمراہ ساتھی کرکٹر ذوالقرنین حیدر کی عیادت کیلئے ان کے گھر پہنچ گئے،36 سالہ وکٹ کیپر بیٹر ذوالقرنین حیدر ان دنوں معدے کے خطرناک عارضے میں مبتلا ہیں۔ایک ٹیسٹ چار ون ڈے میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلنے والے وکٹ کیپر بیٹر ذوالقرنین حیدر کا کہنا ہے کہ عمان میں باسی کھانا کھانے سے خطرناک انفیکشن ہوگیا،معدے میں زخم ہونے سے پیٹ میں کیمیکل پھیل گئے اور حالت غیر ہو گئی، میں بیرون ملک علاج کے اخراجات نہیں اٹھا سکتا تھا اور میں نے لاہور آکر آپریشن کرایا۔
عمراکمل نے ذوالقرنین حیدر کی عیادت کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذوالقرنین حیدر کی ویڈیو دیکھی ، مجھے بہت افسوس ہوا، انسانیت اور کرکٹرکے طور پر آیا ہوں ، اللہ تعالیٰ کسی پر ایسا وقت نہ لائے۔
- Advertisement -
عمر اکمل نے کہا کہ جتنی ہوسکتی تھی مدد کی ہے اور کہہ کر بھی آیا ہوں میں 24 گھنٹے دستیاب ہوں، ماضی کو لے کر میرے دل میں کچھ نہیں ہے، ساتھی کرکٹر کی حیثیت سے آج ملنے آیا ہوں۔اس حوالے سے ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ عمراکمل میرے گھر چل کر آیا میری اس کے ساتھ کوئی رنجش نہیں، عمر اکمل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا جہنوں نے دعاؤں کیں اور عیادت کی۔