کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے شہباز شریف کو انوکھا چیلنج دے دیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل ہاشم ڈوگر نے وزیراعظم شہباز شریف کو انوکھا چیلنج دے دیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر شہباز شریف اپنے 85 وزیروں مشیروں کے نام زبانی بتا دیں تو میں ان کی مریدی اختیار کر لوں گا۔
سابق صوبائی وزیر آبپاشی کرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے وفاقی کابینہ کی تعداد میں ریکارڈ اضافے پر ردِعمل دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہہ وزیراعظم نے تو حیا نہیں کرنی اور وفاقی کابینہ کو بڑھاتے ہی جانا ہے،کوئی ایم این اے ہی شمولیت سے انکار کر کے تاریخ میں اپنا نام لکھا لے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 5 نئے معاونین خصوصی تعینات کر دئیے ہیں،نئے تعینات ہونے والے معاونین خصوصی میں رکن قومی اسمبلی راؤ اجمل،شائستہ پرویز اور قیصر احمد شیخ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محمد حامد حمید اور ملک سہیل خان کو معاونین خصوصی تعینات کیا گیا ہے،کابینہ ڈویژن نے تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
- Advertisement -
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی وزیر اعظم نے کابینہ میں مزید توسیع کی۔سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کو معاون خصوصی خزانہ تعینات کیا گیا جن کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا گیا،طارق باجوہ کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہے۔ طارق باجوہ کی تعیناتی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کے کابینہ کی تعداد 75 ہوگئی تھی۔وزیر اعظم کے معاونین خصوصی کی تعداد 29 پر پہنچ گئی۔
وزیر اعظم کے 23 معاونین خصوصی کے پاس کوئی قلمدان نہیں۔جاوید لطیف بھی کئی مہینوں سے بغیر کسی قلمدان کے وفاقی وزیر ہیں۔اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے سینئرقانون دان عرفان قادر کو معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عرفان قادر کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہے۔ 13 ستمبر کو بھی وزیر اعظم شہباز شریف کے 8 نئے معاونین خصوصی کی تقرری کی گئی تھی۔