قومی و صوبائی اسمبلی کی حلقہ بندیاں برادراقوم میں نفرتیں پیدا کرنے کی سازش ہے،پشتونخوامیپ
کوئٹہ (مسائل نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹو کا اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوامیپ کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کے سیاسی اور تنظیمی امور سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملی اتل ملی شہید محمد عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پرپارٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ کے ہاکی گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جس سے پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب فرمائینگے۔ اورشہید رہنماء کو ان کے لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔ اجلاس میں تمام وطن دوست، ملت پال عوام سے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے اور تمام اضلاع کے پارٹی کارکنوں اور تمام یونٹوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلسہ عام کی بھرپور تیاری کریں۔ اجلاس میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی پر پارٹی کے تمام ضلعوں کے کارکنوں اور غیور وباشعور عوام کو مبارکباداور خراج تحسین پیش گیا ہے جنہوں نے ہر سطح پر حکومتی وزراء واراکین اسمبلی کی مداخلت، سرکاری مشینری کے بے دریغ استعمال، واٹر بورنگ،سولرانرجی سسٹم، واٹر ٹینکرز، ٹرانسفارمرز، غیر قانونی طور پر سرکاری آسامیوں کی تقرری کے آرڈرز اور برائے نام ترقیاتی اسکیمات کو ٹھکرا کر نہ ہی اپنے ضمیر کا سودا کیا اور نہ ہی ان عناصر پر اعتماد کیا جنہوں نے ہر سطح پر صرف اور صرف عوام کے حقوق کا سودا کیا ہے۔ بلکہ اپنی قومی سیاسی جماعت پشتونخواملی عوامی پارٹی اس کے رہبر اور قیادت پر اعتماد کا کھلی اظہار کرکے پارٹی کی قوم دوست، وطن دوست سیاست اور پالیسی پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور دیگر مراحل میں پشتونخواملی عوامی پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کی علیحدہ علیحدہ کمیٹیاں تشکیل پاچکی ہیں جو کہ صوبے بالخصوص پشتون اضلاع میں یونین کونسلز، میونسپل کمیٹیز، میونسپل کارپوریشنز، ضلع کونسل اور میٹروپولیٹن تک تمام بلدیاتی اداروں کے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرینگے۔ جبکہ ہر سطح پر پارٹی کے نو منتخب کونسلر اور پارٹی عہدیداروں کو پارٹی کے فیصلوں کی مکمل پابندی کرنی ہوگی۔ اجلاس میں اس حوالے سے پارٹی کے چیئرمین محترم محمود خان اچکزئی کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی جس میں پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئیء، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی نائب صدر یوسف خان کاکڑ اور صوبائی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے شامل ہیں مذکورہ کمیٹی کو خوش آئند قرار دیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی وصوبائی اسمبلی کی حلقہ بندیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا حالیہ حلقہ بندیوں میں جانبداری اور پشتون بلوچ دو برابر اور سیال اقوام کے مابین نفرتوں کی بیج بونے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی الیکشن کمیشن غیر جانبداررہتے ہوئے یکساں آبادی کی بنیا د پر حلقہ بندیوں کی تشکیل دی جائے کیونکہ حالیہ حلقہ بندیوں میں پشتون اضلاع کی زیادہ آبادی جبکہ بلوچ اضلاع کے حلقوں کی کم آبادی پر محیط حلقہ بندیاں تشکیل دی گئی ہے جس کے خلاف پارٹی قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
- Advertisement -