ارشد شریف قتل کیس، وفاقی پولیس نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی
اسلام آباد(مسائل نیوز) ارشد شریف قتل کیس ، وفاقی پولیس نے اسپیشل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی۔ایس پی انویسٹی گیشن کی درخواست پر جے آئی ٹی تشکیل دی گئی۔اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق اسپیشل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی ہیڈ کوراٹر کریں گے۔ٹیم میں ڈی پی او صدر،ایس ایچ او تھانہ رمنا،انویسٹی گیشن آفیسر شامل ہیں۔
ٹیم میں آئی جی اسلام آباد کی طرف سے کوئی بھی نامزد آفیسر شامل ہو گا۔جے آئی ٹی اپنی رپورٹ جلد مکمل کرکے آئی جی اسلام آباد کو جمع کرائے گی۔گذشتہ روز سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینیئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی۔سپریم کورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کا ازخود نوٹس لیا تھا اور چیف جسٹس کی سربراہی میں 5رکنی بینچ نے ارشد شریف کی میڈیکل رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے حکم پر مقدمہ درج کرلیا گیا ،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں تین افراد کو نامزد کیا گیا ،ارشد شریف قتل کیس میں وقار احمد، خرم احمد اور طارق وصی کو نامزد کیا گیا۔خیال رہے کہ23 اکتوبر کو نیروبی مگاڈی ہائی وے پر شناخت میں غلطی پر پولیس نے ارشد شریف کو سر پر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا تاہم ارشد شریف کے قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں جس میں کینیا پولیس کے موقف میں تضاد پایا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کو خوش آئند قرار دیدیا۔ فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ اور ججز کی عزت اسی میں ہے کہ وہ آئین کی حاکمیت کے لیے کھڑے ہوں۔فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ سپریم کورٹ نے اس معاملے پر دیر کی لیکن شکر ہے نوٹس لیا۔
[…] (مسائل نیوز) سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس میں قائم جے آئی ٹی سے ہر دو ہفتے بعد پیشرفت رپورٹ طلب کر […]
[…] آباد (مسائل نیوز) ارشد شریف قتل کیس میں اسپیشل جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو طلب […]