عراقی وزیراعظم قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے
بغداد (مسائل نیوز) عراقی وزیراعظم قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ، مسلح ڈرون کے ذریعے بغداد میں وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا ۔
- Advertisement -
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق حملے میں بغیر پائلٹ مسلح ڈرون استعمال کیا گیا اور اس کے بعد بغداد کے گرین زون میں شدید فائرنگ کی گئی ، حملے کے نتیجے میں 5 سے زائد افراد زخمی ہوئے ، اس حوالے سے عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے بتایا کہ وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کو اتوار کی صبح بغداد میں ان کی رہائش گاہ پر نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم بنانے والے ڈرون بم کے ذریعے قاتلانہ حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا اور اس حملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
قاتلانہ حملے سے بچنے کے بعد اپنے ایک بیان میں عراق کے وزیر اعظم الکاظمی نے بتایا کہ میں ٹھیک ہوں، الحمد للہ اپنے عوام کے درمیان ہوں اور میں عراق کی خاطر سب سے پرسکون اور تحمل کا مطالبہ کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی سلامتی، انصاف کے حصول اور قانون کے نفاذ کے لیے ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کی استقامت اور اصرار پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اس حوالے سے غداروں کے میزائل مومنین کے عزم اور حوصلوں کو پسپا نہیں کرسکتے۔