پی ڈی ایم غلط فہمی میں نہ رہے کہ کسی کے پاک فوج کے ساتھ تعلقات خراب ہوں گے
لاہور(مسائل نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم غلط فہمی میں نہ رہے کہ کسی کے پاک فوج کے ساتھ تعلقات خراب ہوں گے۔ مسائل کا حل جو نکلتا ہے جنرل باجوہ کی خصوصی کاوشوں سے ہی نکلتا ہے۔فوج کے خلاف باتیں کرنے والے دین اور قوم کے دشمن ہیں۔اس ملک کو انتشار و فساد، خانہ جنگی اور ہر قسم کے حالات سے پاک فوج اور علماء کرام نے بچا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہمیشہ تمام مسالک کے رہنماؤں، دینی مدارس اور تمام مذہبی طبقات کی بھرپور خدمت کی ہے۔جب تبلیغی جماعت پرسعودی عرب میں پابندی لگائی گئی اس وقت ایک وفد جس میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب، مولانا محمد حنیف جالندھری، رائیونڈ کی شوریٰ کے لوگ اور ہمارے ساتھی ایم پی اے حافظ عمار یاسر بھی شامل تھے، ہم جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملے۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے ذاتی دلچسپی لے کر سعودی فرمانروا سے بیٹھ کر ان کو باور کروایا کہ یہ دین کا کام کرنے والی جماعت ہے اور ان کی ذاتی دلچسپی سے یہ مسئلہ بھی حل ہوا۔جنرل باجوہ نے سعودی قیادت کے ساتھ اپنا اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے اس معاملے میں بھرپور اور موثر کردار ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے پاکستان کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کو بہت قریب سے دیکھا. وہ ہمیشہ اسلام اور پاکستان کے دفاع اور تحفظ کیلئے پیش پیش رہتے ہیں. اسلام کی خدمت، جمہوریت اور ملکی دفاع کے حوالے سے ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے پنجاب حکومت خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے،مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور مریضوں کو بلا امتیاز طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔