دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو ایک ہفتے کیلئے برطانیہ بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کر دیا گیا
( مسائل نیوز) عالمی بلاک بسٹر دی لیجنڈ آف مولا جٹ برطانیہ بھر کے سینما گھروں سینی ورلڈ، اوڈین، ریل سینما گھر اور شوکیس میں ریلیز کردی گئی۔برطا نیہ میں فلم کو ایک ہفتے کیلئے ڈسٹری بیوٹرز،پروڈیوسرز نے ایک غیر سینسر شدہ مکمل ورژن جاری کیا ہے جو پورے بر طا نیہ میں 76 سے زیادہ مقامات پر دستیاب ہے۔ بلال لاشاری کی ہدایت کاری، عمارہ حکمت کی پروڈکشن میں بننے والی میگا ہٹ فلم گذشتہ 4 سالوں میں برصغیر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے۔فلم نے اپنی ریلیز کے چوتھے ہفتے میں دنیا بھر میں اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم بن کر ریکارڈ توڑ د یئے۔فلم نے کیری آن جٹا 2، سوکن سونکنے اور چل میرا پٹ 2 سمیت تمام پنجابی ہٹ فلموں کی کمائی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ فلم نے دنیا بھر میں 209 کروڑ سے زیادہ کما لئے ہیں جو اب بھی جاری ہے ۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ پاکستانی فلم سال 2022 کیلئے برطانیہ میں برصغیر کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم اور ناروے میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی جنوبی ایشیائی فلم ہے ۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو 13 اکتوبر 2022 کو عالمی سطح پر 25 مختلف خطوں میں 500 سے زائد سکرینز پر دیکھا یا گیا تھا جو پاکستان کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے ۔ فلم حال ہی میں فرانس میں بھی ریلیز ہوئی جہاں زبردست پذیرائی ملی ۔ فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، مرزا گوہر رشید، علی عظمت، صائمہ بلوچ اور فارس شفیع کے ساتھ شفقت چیمہ، نیئر اعجاز، ریشم، بابر علی اور راحیلہ آغا جیسے تجربہ کار اداکاروں کی کاسٹ شامل ہے۔