اسلام آباد (مسائل نیوز) سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اپنے صوبوں میں پچھترویں سالگرہ حقیقی آزادی کے تصور کے تحت بھرپور طریقے سے منائے گی۔ بدقسمتی ہے کہ ملک پچھترویں سالگرہ پر ایک امپورٹڈ رجیم کے زیر تسلط ہے۔ ہمیں جدوجہد کو تیز کرنا ہے اور اگلے تیس دنوں میں اس حکومت سے نجات حاصل کرنی ہے۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے وزارت اطلاعات نے میری خصوصی ہدایت پر قومی ترانہ کو نئے میوزک آلات پر ری ریکارڈ کرنے کا پراجیکٹ مکمل کر لیا ہے۔ 14 اگست کو اس قومی ترانہ کا اجراء ہو گا۔ پاکستان کی پچھتر ویں سالگرہ کے زیادہ تر پروگرام اس حکومت نے منسوخ کر دئیے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ریفرنس دائر کرنیوالوں سے کہتا ہوں عمران خان کا مقابلہ کرنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا نوازشریف کو ایماندار ثابت کرنا۔
عمران خان کیخلاف ریفرنس دائر کرنیوالوں سے کہتاہوں، آپ نے ساری زندگی نیب میں انکوائریاں بھگتی ہیں،عمران خان کامقابلہ کرنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا نوازشریف کو ایماندارثابت کرنا۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دینا چاہئے۔ ادھر فواد چوہدری نے اردو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات ایک پیچیدہ معاملہ ہے،تعلقات میں کوئی اتنی خرابی بھی نہیں آئی اور اتنے اچھے بھی نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلقات کبھی اتنے خراب نہیں ہوئے۔ ہمارے تعلقات ن لیگ کی نہج تک نہیں پہنچے۔ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں، جب ٹھیک ہونے ہوئے تو ہو جائیں گی کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے۔ فواد چوہدری نے مزید کہ فوج کے اندر ہماری ایک بڑی سپورٹ موجود ہے۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.