عمران خان کا احتساب شروع ، حکومت نے سابق وزیراعظم کیخلاف بڑا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے گوشواروں اور آمدن کی جانچ پڑتال کرانے کا فیصلہ کر لیاہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ کے 4 ملازمین کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جن ملازمین کی تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں طاہر اقبال، محمد نعمان افضل، محمد ارشد اور
محمد رفیق شامل ہیں، 2008 سے 2022 تک ان ملازمین کے نجی اکاونٹس میں جتنی رقوم آئیں ان کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 4 ملازمین کے نجی اکاونٹس میں آنے والی بھاری رقوم کا ریکارڈ سٹیٹ بینک سے منگوایا جا رہا ہے، شواہد کی روشنی میں گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے 2013 سے 2022 کا ریکارڈ بھی منگوایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں صرف 5 سال تک کے عرصے کا ریکارڈ ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے انٹرنیشنل بینک اکاونٹس کے ریکارڈ کے لیے عالمی بینکس کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے دور میں ڈیٹا ایکسچینج معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت کارروائی کی جائے گی، معاہدے کے تحت ایف بی آر کو قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ عالمی بینکس سے ریکارڈ لے سکتا ہے۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، ناروے، فن لینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت دیگر غیر ملکی بینک اکاونٹس کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔