نشانِ حیدر: میجر محمد اکرم کا یومِ شہادت آج، پاک فوج کا خراجِ تحسین
راولپنڈی (مسائل نیوز)نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے قوم کے جانباز سپوت میجر محمد اکرم شہید کا 54واں یومِ شہادت آج منایا جا رہا ہے، قوم مادرِ وطن کیلئے جان نچھاور کرنے والے میجر محمد اکرم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی، اس موقعے پر پاک فوج نے قوم کے عظیم سپوت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق جذبۂ جہاد سے سرشار دشمن کے دانت کھٹے کردینے والے میجر محمد اکرم نے دشمن کے خلاف بہادری اور شجاعت کی وہ داستان رقم کی جسے رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ آج میجر محمد اکرم کے یومِ شہادت کے موقعے پر آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف اور نیول چیف نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ میجر محمد اکرم شہید کو مسلح افواج کے سربراہان اور فوجی جوانوں نے خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے 1971 کی پاک بھارت جنگ میں غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کیا۔
- Advertisement -
پاکستان کو ہم سے الگ کرنے والی پاک بھارت جنگ 1971ء میں میجر محمد اکرم شہید دشمن کے خلاف فقید المثال جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے جگری سے لڑے۔قوم کے بہادر سپوت نے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دئیے۔
میجر محمد اکرم نے 4 اپریل 1938ء کو پنجاب کے ضلع گجرات میں آنکھ کھولی اور قوم کیلئے جان نچھاور کرنے کے جذبے سے سرشار رہے میجر محمد اکرم شہید کی جنم بھومی گجرات کا گاؤں ڈنگہ ہے، آپ نے ابتدائی تعلیم پنجاب سے حاصل کی۔
نشانِ حیدر پانے والے محمد اکرم ملٹری اکیڈمی کاکول سے تربیت کے بعد پاک فوج میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کےعہدے پر تعینات ہوئے تھے اور فرائض کی ذمہ داری کے ساتھ ادائیگی کرتے ہوئے میجر کے عہدے پر فائز ہو گئے۔ آپ کا یومِ شہادت 5دسمبر 1971ء ہے۔
اعلیٰ ترین عسکری اعزاز پانے والے میجر محمد اکرم نے 5 دسمبر 1971ء میں ضلع دیناج پور میں شہادت سے قبل دشمن کے توپ خانے اور فضائیہ حملے 2 ہفتے تک روک کر بھارتی فوج کو آگے بڑھنے سے مسلسل روکے رکھا، جسے آج بھی یاد کیاجارہا ہے۔