پاکستان کی کامیابیوں پر فخر، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے: امیرِ قطر
دوحہ(مسائل نیوز) امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات میں امیرِ قطر نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی اور ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
صدرِ مملکت نے امیرِ قطر کو حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، صدرِ مملکت نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔
- Advertisement -
امیرِ قطر نے پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان منفرد حیثیت رکھتا ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک سے بیک وقت تعلقات رکھتا ہے۔
ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی، قطر میں دوحہ مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان سے متعلق کردار کو سراہا۔
امیرِ قطر نے تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری روابط کی ہدایت دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کرکے حالیہ چیلنجز کو پسِ پشت ڈال دیں گے۔
امیرِ قطر نے صدرِ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کے دورے کا اعلان کیا، ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔