کامل علی آغا کا بنی گالا پر چھاپے کا جواب جاتی امرا پر چھاپے سے دینے کا عندیہ
لاہور(مسائل نیوز) مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا نے بنی گالا پر چھاپے کا جواب جاتی امرا پر چھاپے سے دینے کا عندیہ دے دیا۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنی گالا پر چھاپہ مارا تو جاتی امرا پر بھی چھاپا مارا جا سکتا ہے۔جس پر پروگرام میں موجود لیگی رہنما مصدق ملک نے کہا کہ کسی نے بھی غیر قانونی حرکت کی ہے تو اسے پکڑا جائے گا۔
مصدق ملک اور کامل علی آغا نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے خاتمے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں نے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح اور نااہلی کی مدت کے تعین پر زور دیا۔گذشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے حوالہ سے کیس کی سماعت کے موقع پر اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ تاحیات نااہلی کے حوالہ سے آرٹیکل 62 (1) (f) کے جائزہ کی ضرورت ہے۔
منگل کو یہاں کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو غلط بیان حلفی پر تحقیقات کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ الیکشن کمیشن کے تاحیات نااہلی کے حکم کو اگر کالعدم بھی قرار دے تو حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کیس میں حقائق کا درست جائزہ لیا ہے تاہم اس حوالہ سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن تاحیات نااہلی کا حکم دے سکتا ہے یا نہیں۔
دوران سماعت وسیم سجاد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ فیصل واوڈا نے 2018ء میں انتخابات میں حصہ لیا اور 2 سال بعد ان کے غلط بیان حلفی کی بنیاد پر نااہلی کی درخواست ہائی کورٹ میں دائر کی گئی۔ دوسری جانب وکیل فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے اپنی دوہری شہریت کو تسلیم کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اس موقع پر قرار دیا کہ موجودہ کیس کو محتاط ہو کر تفصیل سے سنا یا جائے گا۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 6 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
[…] آباد(مسائل نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ق )کے رہنما کامل علی آغا نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن )ہمیشہ وعدہ […]