حکومت نے احتساب عدالت کے ججز کی تعیناتی کا اختیار صدر مملکت سے چھین لیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت نے احتساب عدالت کے ججز کی تعیناتی کااختیار صدرمملکت سے چھین لیا،بیرونی سازش کے تحت پاکستان کو معاشی طورپر تباہ کردیا گیا،مہنگائی عروج پر ،ایکسپورٹ کم ہوتی جارہی ہے،الیکشن کمشنر عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑارہے ہیں، مسائل کا حل شفاف الیکشن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر شہباز گل نے دوسرا نیب ترمیمی بل منظور ہونے پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا ایسے لوگوں کو قانون سازی کی اجازت دی جاسکتی ہے جوخود کیسز کا سامنا کررہے ہوں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے احتساب عدالت کے ججز کی تعیناتی کااختیار صدرمملکت سے چھین لیا، چند کیش بوائے اور مقصود چپڑاسی پکڑے گئے ابھی ان کے اربوں روپے کا پتہ نہیں۔
شریف خاندان پر تنقید کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ ایسا خاندان ہے جو دیمک کی طرح پاکستان کو لگا ہے، اس خاندان نے قانون سے وہ روح نکال دی کہ طاقتور قانون کے تابع آئے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی سازش کے تحت پاکستان کو معاشی طورپر تباہ کردیا ہے اور کیسے تباہ کرنا ہے، آج مہنگائی عروج پر ،ایکسپورٹ کم ہوتی جارہی ہے، ہر شعبہ تباہ ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بیرونی سازش سے سرٹیفائیڈ چوروں کو لایا گیا جو ملک لوٹ کر کھا گئے ،جب معیشت تباہ کردیتے ہیں تو اس ملک کو ہرلحاظ سے کمزورکردیا جاتا ہے ، ان سے مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ شفاف الیکشن کرائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر واضح طورپر عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑارہے ہیں، عدالت کا فیصلہ واضح تھا کہ تمام پارٹیوں کا یکساں فیصلہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے عام عوام سے پیسہ اکٹھا کیا۔