لاہور(مسائل نیوز) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اندازہ ہے ملک مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سےآدھہ گھنٹہ تفصیلی ملاقات ہوئی اُس کواندازہ ہے کہ ملک مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔الیکشن ناگزیر ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ سیاسی معاشی استحکام قومی سلامتی کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن 2 مہینے پہلے ہوں بعد میں ہوں، پی ڈی ایم کی سیاست دفن ہو گئی ہے۔اسمبلی توڑنا کوئی مسلئہ نہیں ،تباہ حال معیشت بچانا اصل مقصد ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنی ہے یا نہیں، اس پر تاحال فیصلہ نہیں ہوا، عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش پر وزیراعظم اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کریں گے، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں توڑی گئیں تو وفاقی حکومت برقرار رہے گی اور اگر پنجاب میں ضمنی یا عام انتخابات ہوئے تو ہم بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔
ہفتہ کو یہاں انسداد منشیات کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ عوام میں کوئی مقبولیت نہیں رکھتا،محمدنواز شریف آئندہ عام انتخابات میں انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے انکار نہیں کیا، اب عمران خان نے بات کرنے کا کہا ہے تو وزیراعظم محمد شہباز شریف اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کریں گے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنی ہے یا نہیں اس پر تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے انکار پارلیمانی جمہوریت کے خلاف ہے۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.