پورا پاکستان تیار ہو جائے ہم نے اس بدترین فاشزم کا مقابلہ کرنا ہے
اسلام آباد (مسائل نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کی تیاریاں عروج پرہیں۔آج پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے ضلعی صدور اور سیکرٹری جنرلز کا اجلاس منعقد ہو گا جبکہ جدوجہد کا آخری مرحلہ آن پہنچا ہے۔ فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ پورا پاکستان تیار ہو جائے،ہم نے اس بدترین فاشزم کا مقابلہ کرنا ہے۔
عوام کا فیصلہ عوام کی عدالت کرے گی۔ان چھ ماہ میں ملک کی معیشت تباہ ہوگئی۔1100 ارب روپے کا این آر او ان ڈاکوؤں نے خود کو دے دیا۔ انکا کہنا تھا کہ اداروں کا وقار بری طرح متاثر ہواہے۔میڈیا اور سیاسی کارکنوں پر بدترین تشدد اور سنسر شپ اس نظام کا تحفہ ہے،جدوجہد واحد جواب ہے۔ دوسری جانب سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 74 وزراء کی فوج جس میں 22 بے محکمہ ویڈیو آڈیو لیکس کھیل رہی ہے۔
اسحاق ڈاراور مریم نواز ڈیل کی قوم کوسمجھ ہے۔نومبر میں سب کوسمجھ آجائے گی۔ سابق وزیر داخلہ نےکہا کہ ڈیل کے تحت حدیبیہ پیپرکی طرح ایون فیلڈ بھی ختم ہو جائے گا۔عوام کا مسئلہ بجلی،گیس،آٹا اور مہنگائی ہے سائیفرنہیں۔12ربیع الاول کے بعد پالیٹکس آف لیکس ختم ہوگی اورسیاست گرم ہوگی۔قبل ازیں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کا وزیراعظم آج بھی عمران خان ہے۔
عمران خان مہنگائی کے خلا ف لڑ رہے ہیں، پوری قوم عمران کے ساتھ کھڑی ہے، حکمران وہ ہوتا ہے، جو عوام کے دلوں پر حکومت کرے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی پی ڈی ایم اور مہنگائی کے خلاف لڑ رہے ہیں،آج پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ٹیکسلا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت وہ ہوتی ہے جو لوگوں کے دلوں پر ہو،آج بھی ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کی شان ہے کہ آج سارا پاکستان عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے،میرا ایجوکیشن میں بھی بڑا تجربہ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سامراج سے لڑ رہے ہیں، سپرپاور سے لڑرہے ہیں، عمران خان باہرنکلو عوام آپ کا انتظار کررہی ہے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان پی ڈی ایم اور مہنگائی کے خلاف لڑرہے ہیں، پہلے کبھی بھی اتنی عوام کو نہیں دیکھا۔