MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

سریاب دھماکہ امن و استحکام پر حملہ ہے، حاجی ولی محمد نورزئی

0 59

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ(مسائل نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے رہنما اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر شاہوانی اسٹیڈیم کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی دانستہ اور مذموم کوشش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ نہ صرف معصوم شہریوں اور سیاسی کارکنوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بنا بلکہ بلوچستان میں جمہوری عمل اور سیاسی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنے کی گھنانی سازش کا حصہ بھی ہے۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ دہشتگردی کے یہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ کچھ عناصر بلوچستان میں پائیدار امن نہیں چاہتے۔ ایسے حملے نہ صرف بلوچستان کے عوام بلکہ پورے پاکستان کی سالمیت پر بھی حملہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر آ کر دہشتگردی کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کریں گی۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔حاجی ولی محمد نورزئی نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.