جمال رئیسانی کی شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کی مذمت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔
کوئٹہ(مسائل نیوز)پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے سریاب روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز اور ناقابلِ معافی جرم قرار دیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے نہ صرف معصوم شہریوں کی جانیں لیتے ہیں بلکہ ملک میں قیامِ امن اور ترقی کے عمل کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات پوری قوم کو سوگوار کر دیتے ہیں۔
- Advertisement -
نوابزادہ جمال رئیسانی نے صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ دھماکے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔