معیشت کمزور ہو گی تو فوج کمزور ہوگی:شہبازگل
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ معیشت کمزور ہو گی تو فوج کمزور ہوگی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں رہنما تحریک انصاف شہباز گل کا کہنا ہے کہ فوج کمزور ہو گی تودشمن وہ سب کر سکے گا جو وہ خواب دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دفاعی مضبوطی مضبوط معیشت کے مرہونِ منت ہے،مضبوط معیشت کسی ملک کے مضبوط دفاع کے لیے ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج اکنامک انڈیکیٹر دیکھ لیں 2ماہ پہلے سے موازنہ کر لیں واضح ہو جائے گا۔
- Advertisement -
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ پتہ چلا ہے کہ میر جعفر میر صادق اب عمران خان پر بغاوت کا مقدمہ بنانے کا پلان کر رہے ہیں جس کی سزا عمر قید ہے۔
خان سے بڑا پاکستان کا وفادار اور کون ہے؟ پاکستان کو انتشار کی طرف مت دھکیلں۔فیصلہ کن طاقت رکھنے والی قوتوں کو چاہیے کہ ان غداروں کو نکیل ڈالیں یہ نہ ہو کہ بہت دیر ہو جائے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو ملک دیوالیہ ہونے پر فوج تباہ ہوجائے گی، ان لوگوں کو اقتدار سے نہ نکالا تو ملک کے 3 ٹکڑے ہوجائیں گے اور ایٹمی اثاثے چھِن جائیں گے، ملک خودکشی کی طرف جارہا ہے، درست فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
بول نیوز کو خصوصی انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ میں کنٹینر میں تھا کہ جب سپریم کورٹ کا فیصلہ جس کی مجھے سمجھ آئی کہ عدالت نے کہا کہ راستے بھی کلیئر کردو، اور لوگوں کو بھی چھوڑ دو، لیکن مجھے تب سوچنا چاہیے تھا کہ ہمارا 30سال سے ملک پر مسلط مافیا سے مقابلہ ہے، مافیا لوگوں کو ساتھ ملاتا ہے یا پھر ان کو ختم کردیتے ہیں، دہشت پھیلاتے ہیں، جھوٹے کیسز کرتے ہیں، تاکہ لوگ ان سے ڈر جائیں، مافیا نے ایک روز قبل بھی آپریشن کیا، ایک میجر کے گھر چلے گئے اس کی ماں اور دس سال کی بیٹی تھی، کون سا ملک جمہوری حق کو روکتا ہے؟ کون سا ملک اپنے لوگوں کے ساتھ اس طرح کی حرکتیں کرتا ہے، مشرف کا دور یاد ہے جب مجھے سات اٹھ سال جیل میں رکھا اس وقت بھی ایسا نہیں تھا، یہ مجرم لوگ ہیں، انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ نے لوگوں گولیاں ماریں، 14لوگ مارے، 70، 80لوگوں کو گولیاں لگی ہوئی تھیں۔
کیسا انصاف کا نظام ہے؟ میں کہتا رہا ، طاہر القادری کا میسج بھی آتا تھا لیکن یہ بچ جاتے تھے۔شہبازشریف کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے لیکن کیس ہی نہیں چلتا تھا۔ آدمی کہتا چلو مجھے جیل میں ڈال دو،لیکن عورتیں اور بوڑھے؟ہماری اتحادی جماعت تھی اگر پھر حکومت ملتی تو میں الیکشن میں چلا جاتا، ہمارے پاس پوری پاور نہیں تھی لیکن پاکستان میں جن کے پاور ہے وہ سب کو پتا ہے ان کی طرف دیکھنا پڑتا تھا۔
وہ اداروں کو کنٹرول کرتے ہیں، جیسا کہ نیب ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، جیسے شہبازشریف کا ایف آئی اے نے کیس کیا تو جانا تو عدالت میں تھا وہاں فیصلہ ہم نے نہیں کرنے تھے، ملک کی ذمہ داری وزیراعظم کے پاس ہوتی ہے لیکن اختیارات نہ ہوں تو پھر ذمہ داری کیسے پوری ہوگی؟انہوں نے کہا کہ پاکستان کا چیلنج مضبوط فوج چاہیے ، ہمیں دشمنوں سے خطرہ ہے، ایٹمی طاقت کے بعد ہمیں اتنا خطرہ نہیں ہے، ہماری فوج تگڑی نہ ہو تو پھر صومالیہ ، لیبیا، لبنان کو دیکھ لیں، پاکستان میں قانون کی حکمرانی قائم کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔
خوشحال اورغریب ملکوں کا موازنہ کرلیں قانون کی حکمرانی والا خوشحال ہوگا۔نائیجریا میں بھی ایسے ہی ہے۔ میری کوشش قانون کی حکمرانی قائم کرنا تھا لیکن اس لیے نہیں کرسکا کہ ان کی جڑیں مضبوط تھیں، یہ کام اتحادی حکومت میں نہیں کرسکتے، دوتہائی اکثریت چاہیے۔ برطانیہ کی سب سے بڑی کامیابی قانون کی بالادستی ہے، ریاست مدینہ میں بھی قانون کی حکمرانی تھی۔
ہم فیصلہ کن وقت پر کھڑے ہیں، ہم تباہی کی طرف جاسکتے ہیں۔ میں لکھ کر دیتا ہوں کہ اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو پہلے فوج تباہ ہوگی پھر ملک تباہ ہوجائے گا، کیونکہ یہ حکومت جب سے آئی ہے روپیہ گررہا ہے، مہنگائی ہورہی ہے، اگر ہم دیوالیہ ہوجاتے ہیں تو سب سے بڑا ادارہ تباہ ہوگا، پھر یوکرین کی طرح ایٹمی اثاثے واپس لیے جائیں گے، اس کے بعد ملک کے تین ٹکرے ہوجائیں گے۔جو ان کی منصوبہ بندی بنی ہوئی ہے۔اس لیے اس وقت درست فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔