دوران حراست ظہور شاہ کی ہلاکت پر انکوائری کی جارہی ہے،نذر محمد بلوچ
کوئٹہ(ویب ڈیسک)صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ نے گزشتہ روز ائیرپورٹ روڈ تھانہ کا اچانک دورہ کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ محتسب دفتر کے ڈائریکٹرز سعید احمد شاہوانی، عبدالمنان اچکزئی، اے ڈی پروٹوکول آفتاب احمد اور لیگل ایڈوائزر عصمت اللہ مندوخیل و دیگر آفسران موجود تھے، صوبائی محتسب کے ائیرپورٹ تھانہ کے دورہ کا مقصد چند روز قبل پولیس اسٹیشن ائیرپورٹ روڈ میں موجود قیدی ظہور شاہ کی پراسرار ہلاکت کے واقع سے متعلق پولیس حکام سے پوچھ گچھ کرنا تھا ،
- Advertisement -
اس موقع پر صوبائی محتسب کے استفسار پر ایس پی قاضی علی رضا اور ایس ڈی پی او عبدالرزاق نے تفصیلات سے آگاہ کیا، صوبائی محتسب نے ظہور شاہ ہلاکت کیس کے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مکمل اور شفاف طریقے سے کی جانے والی تفتیش کے بعد ہی موت کے اصل وجوہات سے مرحوم کے لواحقین کو آگاہ کیا جاسکے گا، صوبائی محتسب نے متعلقہ پولیس حکام پر زور دیتے ہوئے
کہا کہ اس طرح کے افسوسناک واقعات کے تدارک کے لیے فول پروف اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کا واقع رونما نہ ہو، صوبائی محتسب نے اس موقع پر جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا, دریں اثناءصوبائی محتسب نے متوفی کے لواحقین کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ دوران حراست ظہور شاہ کی ہلاکت پر انکوائری کی جارہی ہے اور انہیں اس بابت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔