سبی ہرنائی ریلوے لائن کی بحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق پورے ملک میں ریلوے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، صوبہ بھر کے عوام کو ریلوے کی سفری سہولیات فراہم کرنے، سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کو جلد بحال کرنے اور کوئٹہ ٹو چمن ٹرین کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے سے ایک نیا معاشی انقلاب برپا ہوگا.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کے ساتھ گورنر ہاو¿س کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے وفاقی وزیر ریلوے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلویز کے پاس بہت سی قیمتی زمینیں ہیں. ریلوے کی قیمتی اراضی لیزاوٹ (Lease out) کرنے کے تحت توسیع، بحالی اور اپ گریڈیشن مفاد خلق کے حق میں ایک دانشمندانہ فیصلہ ہے
- Advertisement -
. انہوں نے کہا کہ سبی ہرنائی ریلوے لائن کی بحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ جڑواں شہروں یعنی سبی اور ہرنائی کا ملک وصوبے کے دیگر علاقوں سے رابطے بحال ہونے کے علاوہ علاقے میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور افتادہ اضلاع کو ترقی دینے اور اجتماعی مسائل حل کرنے کے حوالے سے سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام یقیناً موجودہ حکومت کی عوام دوستی کا بڑا ثبوت ہے.
گورنر بلوچستان نے وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی کی توجہ کوئٹہ ٹو چمن ٹرین کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ضلع قلعہ عبداللہ اور ضلع پشین کے عوام کو ریلوے کی آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا اشد ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ صوبہ بلوچستان وسط ایشیا کے ممالک تک راستہ فراہم کر سکتا ہے لہٰذا مستقل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر نئی منصوبہ بندی کی جائےَ۔