MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق ابھی کہانی لمبی چلے گی

1 285

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد (مسائل نیوز) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا، تین رکنی بینچ کی طرف سے متفقہ فیصلہ سنایا گیا، کیس میں تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت ہوگیا ، جس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔الیکشن کمیشن کے فیصلے پر جہاں پاکستان تحریک انصاف نے تحفظات کا اظہار کیا ہے وہیں سینئر صحافیوں کا تجزیہ آنے کا بھی سلسلہ جاری ہے۔
اسی حوالے سے سینئر صحافی کامران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق ابھی کہانی لمبی چلے گی ۔انہوں نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی جماعت صحافی یا حکومت کی خواہش یا خیال تھا آج الیکشن کمیشن پی ٹی آئی پر پابندی لگا دے گا یافیصلہ صاف صاف کہے گا عمران خان صادق امین نہیں رہے تو ایسا کچھ نہیں ہوا۔
کامران خان نے مزید کہا کہ آج کے فیصلے کے مطابق ابھی کہانی لمبی چلے گی۔ خواہشات پوری ہونے سے پہلے نومن تیل چاہئیے ہوگا پھر رادھا ناچے گی۔
۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں، اس لیے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا الزام ثابت ہوگیا ، غیرملکی فنڈنگ میں 34 غیرملکیوں سے فنڈز لیے گئے، اس دوران 13 نامعلوم اکاؤنٹ سامنے آئے، پی ٹی آئی نے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی کی، پی ٹی آئی چیئرمین نے فارم ون جمع کروایا جو غلط تھا۔
بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے دیگر 2 ممبران نثار احمد راجہ اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بینچ نے پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2022ء کی دفعہ 6 کے تحت ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس 8 سال تک چلنے کے بعد آج فیصلہ سنایا گیا، الیکشن کمیشن میں تحریکِ انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس 2014ء سے چل رہا تھا، جو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے دائر کیا تھا، درخواست گزار نے بیرونِ ملک سے پارٹی فنڈنگ میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی تھی، اس دوران تحریک انصاف نے 30 مرتبہ کیس میں التوا مانگا اور 6 بار کیس کے ناقابل سماعت ہونے کی درخواستیں دائر کیں جب کہ الیکشن کمیشن نے 21 بار تحریک انصاف کو دستاویزات اور مالی ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی اور سماعت مکمل ہونے پر پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ رواں سال 21 جون کو محفوظ کیا گیا تھا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

1 Comment
  1. […] نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا جس میں انہوں نے کہا کہ […]

Leave A Reply

Your email address will not be published.