اٹک (مسائل نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے رکن قومی اسمبلی راشد شفیق کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق شیخ راشد شفیق کو اٹک کی ضلعی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ جمال محمود کے روبرو پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں عید کے دوسرے دن دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شیخ راشد شفیق کی پیشی کے موقع پر عدالت کے اندر اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جب کہ پولیس کی بھاری نفری کو بھی تعینات کیا گیا ۔ گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے ممبر قومی اسمبلی راشد شفیق کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا ، گرفتاری کے بعد شیخ راشد شفیق کو پولیس نے سخت سکیورٹی میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سول جج مشتاق حسین جنجوعہ نے شیخ راشد شفیق کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا ۔
- Advertisement -
یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو سعودی عرب سے اسلام آباد پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا ، ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق عمرہ کی ادائیگی کے بعد اتوار کی صبح نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں ایف آئی اے امیگریشن اسٹاف کے ہمراہ سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے انہیں روک کر حراست میں لے لیا ، جس کے بعد سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد انھہیں تحویل میں لے کر ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئے۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کا اشارہ دے دیا ، انہوں نے کہا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت لوگوں کو ابھارا گیا ، روضۂ رسول ﷺ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ، یہ شخص نوجوان نسل کو گمراہ کرنے پر تلا ہوا ہے‘ عمران خان فتنہ ہیں انہیں بالکل گرفتار کیا جائے گا ، جو بھی شہری کارروائی کے لیے آئے گا حکومت اس کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی ۔