یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے زیر ِاہتمام سیمینار” کاروان ِ اقبال”
سیالکوٹ(مسائل نیوز)شہر اقبال سیالکوٹ میں یونی ورسٹی آف سیالکوٹ نے 27 اکتوبر 2022ء کو بزم اقبال محکمہ اطلا عات کے اشتراک سے اقبال چیئر، رومی اینڈاقبال اسٹڈی سنٹر اور تمام اکیڈیمک و انتظامی شعبہ جات کے تعاون سے سال اقبال کی تقریبات ” کاروان اقبال” کے افتتاحی سیمینار بعنوان “فکر اقبال میں عشق رسولؐ ” کا انعقاد کیا جس میں جگر گوشہ فرزند اقبال جناب منیب اقبال اور بریگیڈئیر(ر) پروفیسر ڈاکٹر وحید الزمان طارق بطور مہمان خصوصی تھے۔بورڈ آف ڈائیریکٹر ز کے چیئرمین جناب فیصل منظور صاحب ، ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر ریحان یونس صاحب اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی صاحب کی سرپرستی میں ڈاکٹر اسلم ڈار صاحب، تمام ڈینز، ڈائیریکٹرز، اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات نے بھر پور جوش و خروش سے حصہ لیا ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا پھر نعت ، قومی ترانہ اور کلام اقبال پیش کیا گیا۔ افتتاحی کلمات رجسٹرار محمد یعقوب صاحب نے پیش کیے۔ دونوں مہمانان خصوصی نے بھر پور انداز میں ” فکر اقبال میں عشق رسولؐ ” پر خیالات کا اظہار کیا جسے طلبا اور تمام حاضرین نے بہت پسند کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سعید الحسن چشتی صاحب نے مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں اقبال چیئر کے تحت فروغ اقبالیات کے سلسلے میں کئی نئے پراجیکٹس پر کام کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ تقریب کے آخر میں وائس چانسلر صاحب نے منیب اقبال صاحب کو “اعزازی مسند صدارت اقبال چیئر” کی سند عطا کی اور مہمانان خصوصی میں شیلڈز بھی تقسیم کیں ۔آخر میں وائس چانسلر صاحب ، مہمانان خصوصی اور تمام فیکلٹی و انتظامی اسٹاف کے ساتھ گروپ فوٹو لیے گئے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر یاسمین کوثر اور لاء ڈیپارٹمنٹ سے گوہر نے ادا کیے۔