اسلام آباد (مسائل نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نا اہلی کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس عامر فاروق نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں نا اہلی کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور عدالت نے حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن و دیگر فریق 10 نومبر تک جواب جمع کرائیں۔
تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو میانوالی میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کرنے سے روک رہے ہیں جب کہ 21 اکتوبر کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ رکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کرلی گئی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی نا اہلی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے۔
اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر سے جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ نے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی کوئی درخواست بھی جمع کرا رکھی ہے؟ جس پر بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کا جاری نوٹی فکیشن جمع کرانے کی درخواست دی ہے، عمران خان کو بطور رکنِ اسمبلی نااہل قرار دے کر ڈی سیٹ کیا گیا۔ جسٹس فاروق نے استفسار کیا کہ یہ ریفرنس اسپیکر کی طرف سے آیا تھا؟ اس کے جواب میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جی یہ ریفرنس اسپیکر کی جانب سے بھجوایا گیا تھا جس پر نااہلی کا فیصلہ سنایا گیا، الیکشن کمیشن کو ریفرنس پر اپنی فائنڈنگز دینی ہوتی ہیں، الیکشن کمیشن کو ریفرنس پر اسپیکر کے سوالوں کا جواب 90 دن میں دینا ہوتا ہے۔
دوران سماعت بیرسٹر علی ظفر کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ معطل کیا جائے، جس پرعدالت کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل نہیں کر رہے ضمنی انتخابات کرانے سے روک دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے الیکشن کمیشن کو این اے95 میں نئے انتخابات سے روک دیا۔ یاد رہے کہ عمران خان نے نااہلی کے فیصلے کو غیرقانونی قرار دینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں استدعا کر رکھی ہے، جہاں قبل ازیں رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عمران خان کی درخواست پر متعدد اعتراضات عائد کیے گئے، ان اعتراضات میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک تصدیق نہیں کرائی اور عمران خان کے نااہلی فیصلے کی مصدقہ نقل درخواست کے ساتھ منسلک نہیں تاہم عمران خان کی قانونی ٹیم نے رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کیے گئے تمام اعتراضات دور کردئیے۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.
Prev Post
1 Comment
Leave A Reply
Cancel Reply
[…] آباد(مسائل نیوز) الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخاب نہ کرانے پر مسلم لیگ ن کو جواب […]