جی پی ایس سگنل غائب! کراچی کی فضائی حدود کو خطرہ، غیر ملکی طیارہ حادثے سے بچ گیا
کراچی (مسائل نیوز)کراچی کی فضائی حدود میں ایک غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کو لینڈنگ کے دوران جی پی ایس سگنلز میں شدید خلل کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ تین ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ پائلٹ نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر اے ٹی سی نے بروقت رہنمائی فراہم کی اور طیارہ محفوظ طریقے سے کراچی ایئرپورٹ کے رن وے 25 ایل پر اتار لیا گیا۔
ہوابازی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جی پی ایس سگنلز میں اس قسم کا خلل طیاروں کو ان کے مقررہ راستے سے ہٹا سکتا ہے جس سے سنگین حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
سائبر سیکورٹی کے ماہرین کے مطابق جی پی ایس اسپوفنگ ایک ایسا جدید سائبر حملہ ہے جس میں جعلی جی پی ایس سگنلز کے ذریعے طیاروں کو یہ یقین دلایا جاتا ہے کہ وہ کسی اور مقام پر موجود ہیں۔ اس کے نتیجے میں نیوی گیشن سسٹم گمراہ ہوسکتا ہے اور طیارے کی سمت یا راستے میں خطرناک تبدیلی واقع ہو سکتی ہے۔
- Advertisement -
عالمی سطح پر اس قسم کے حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر تنازعات والے علاقوں کے قریب ایسے واقعات میں چار سو فیصد اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جعلی سگنلز عام طور پر زمین پر موجود ایسے نظاموں سے بھیجے جاتے ہیں جنہیں اصل میں ڈرونز یا میزائلوں کو گمراہ کرنے کے لیے تیار کیا جاتا ہے، مگر ان کے اثرات کمرشل پروازوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔
جی پی ایس اسپوفنگ سے براہ راست طیارے کے گرنے کا امکان کم ہوتا ہے، لیکن یہ پائلٹس اور ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے لیے پیچیدہ صورتحال پیدا کر سکتا ہے۔
ایسے حملے نہ صرف پروازوں کی محفوظ لینڈنگ کو مشکل بنا دیتے ہیں بلکہ ایوی ایشن کے عالمی نظام کے لیے بھی ایک بڑا سائبر خطرہ ثابت ہو رہے ہیں۔