سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ آخری گھر اور فرد کی آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے
پتن(مسائل نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ آخری گھر اور فرد کی آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دنیا بھر سے متاثرین کی امداد پر ان کے شکر گزار ہیں، اللہ سے وعدہ ہے کہ ہم سب مل کر یقینی بنائیں گے کہ کوئی حقدار امداد سے محروم رہ نہ جائے، امداد کی شفاف تقسیم و ترسیل یقینی بنائیں گے، وفاقی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس لاکھ روپے دے گی، مصیبت کی گھڑی میں تمام متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ لوئر کوہستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات بھی کی۔ کمشنر ہزارہ ڈویڑن اور ڈپٹی کمشنر نے وزیراعظم کو امدادی کارروائیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ اس علاقے میں 18 اموات ہوئی ہیں، متاثرین کے لئے رہائشی اور میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔
- Advertisement -
وزیراعظم نے اس موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں پر سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کے لئے حاضر ہوئے ہیں، کالام، سوات، بحرین، کوہستان میں دریا میں طغیانی سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، یہاں پھنسے سیاحوں کو مسلح افواج کے ہیلی کاپٹرز محفوظ مقامات پر پہنچا رہے ہیں، وفاقی حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے جب تک انہیں اپنے گھروں میں بحال نہیں کریں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے، صوبائی حکومتوں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ متاثرین کی خدمت کے لئے موجود ہے، سیلاب اور بارشوں سے جس گھر کو بھی نقصان پہنچا، اسے 25 ہزار روپے فی کس دے رہے ہیں جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس لاکھ روپے وفاق کی جانب سے دیئے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے اس کے علاوہ بلوچستان، جنوبی پنجاب، کے پی کے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت جہاں بھی سیلاب سے نقصان ہوا ہے، جتنے وسائل بھی ہوئے ہیں وہ ان پر لگائیں گے، دوست ممالک کی جانب سے امداد موصول ہو رہی ہے، ان کے شکر گزار ہیں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ایران، چین، ترکی سمیت دیگر برادر ملک ہماری مدد کر رہے ہیں۔
امریکا ، برطانیہ نے بھی امداد کا اعلان کیا ہے، اقوام متحدہ نے 160 ملین ڈالر کی فلیش اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سے بھی ہمیں امداد موصول ہو گی، اللہ تعالیٰ سے وعدہ ہے کہ سب مل کر اسے حقدار تک پہنچائیں گے اور کوشش کریں گے کہ کسی ایسے فرد کو جو حقدار نہیں امداد نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لئے 10 ارب روپے کا اعلان کیا ہے جو این ڈی ایم اے صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شفاف طریقے سے تقسیم کرے گا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آخری گھر اور فرد کی آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی، پیپلزپارٹی کے رہنما نجم الدین خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔